بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، چمن اور خضدار میں پیش آنے والے مختلف واقعات اور حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نواں کلی عباس درانی اسکیم کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے علی محمد ولد امیر حمزہ کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص ولی خان ولد اختر محمد جاں بحق ہوگئے۔
ضلع پشین کے علاقے خانوزئی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ برآمد ہونے والی لاش کی شناخت نور محمد ولد محمد عمر کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو ضابطے کی کار روائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
ضلع خضدار کے علاقے نال میں ہبلو میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک شخص ظاہر جاں بحق ہوگیا ہے جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ ضلع خضدار کے علاقے زیدی کے مقام پر مزدا ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل مجیب الرحمان جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
علاوہ ازیں سرحدی شہر چمن میں کلی امیر خان میں مٹی کے تودے تلے دب جانے سے ایاز ولد محمد کبیر جاں بحق ہوگیا ہے۔