جامعہ کراچی میں بی ایس او کا اجلاس، طلباء کو منظم کرنے کا عزم

199

بی ایس او جامعہ کراچی یونٹ کا باڈی اجلاس منعقد، یونٹ سیکرٹری سمیر رئیس اور ڈپٹی یونٹ سیکرٹری اقراء بلوچ بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جامعہ کراچی کا یونٹ باڈی اجلاس زیر صدارت زونل صدر عبداللہ میر جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔ جس میں مہمان خاص بی ایس او کے سینٹرل کمیٹی کے رکن اشرف بلوچ تھے۔ اجلاس میں مختلف ایجنڈے اور آئندہ کا لائحہ عمل زیر بحث رہے۔

اجلاس میں کراچی زون کے صدر عبداللہ میر اور سی سی ممبر اشرف بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کو بہت سے سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور جس سے انسان میں شعور اور ذہانت پیدا ہوتی ہے۔ دنیا کے تمام قومیں تعلیم کو عوام کا بنیادی حق سمجھتی ہیں لیکن بد قسمتی سے بلوچ طلبہ جامعہ کراچی سمیت ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں مسائل کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں طلباء کو ہاسٹل کی سہولت میسر نہیں ہے جبکہ گرلز ہاسٹل میں مکمل اسپیس نہ ہونے کی وجہ سے مختلف تکالیف و مصائب کو برداشت کرکے وہ اپنی مدد آپ کے تحت کسی نہ کسی طریقہ سے اپنی تعلیمی سفر کو آگے بڑھارہی ہیں اور داخلہ حاصل کرنے کے بعد رہائش نا ہونے کی سبب اکثر طالبات اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو آگے نہیں بڑھا پاتیں۔

اجلاس کے آخر میں زونل صدر عبداللہ میر اور سی سی ممبر اشرف بلوچ نے نو منتخب یونٹ سیکرٹری سمیر رئیس ڈپٹی یونٹ سیکرٹری اقراء بلوچ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آپ تنظیم کو آئینی و جمہوری طور طریقوں سے فعال کرکے بلوچ طلبہ کو منظم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرینگے۔