جزائر کی ملکیت پر وفاق اور سندھ کا تنازع عدالت پہنچ گیا

461

سندھ ہائی کورٹ میں سندھ کے جزیروں کا انتظام وفاق کے حوالے کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی اور عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 23 اکتوبر تک تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

سندھ کے جزیروں کا انتظام وفاق کے حوالے کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت دو رکنی بینچ نے کی۔

درخواست گزار شہاب اوستو ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان آئی لینڈ اتھارٹی کا قیام آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے جس پر عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 23 اکتوبر تک تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

درخواست میں مزید کہا ہے کہ جزیرے وفاق کے حوالے کرنا سندھ کے عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،  سندھ کے جزیرے قانونی طور پر صوبے کی ملکیت ہیں صوبے سے کوئی زمین حاصل کرنے کیلئے مطلوبہ شرائط کو پورا کرنا ضروری ہے،  آرڈیننس کے ذریعے حدود میں ترمیم کی گئی ہے جو غیر آئینی ہے۔