ایران میں کورونا کے باعث ایک روز میں 337 اموات

82

ایران میں کورونا وائرس سے ایک روز میں337 شہریوں کے انتقال کے بعد ملک میں کورونا سے یومیہ اموات کا نیا ریکارڈ بن گیا۔

ترجمان ایرانی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 337 افراد انتقال کرگئے ہیں اور مزید  4 ہزار 251 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ 279 افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوئے تھے۔

 ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں کی جانب سے کورونا پابندیوں پر عمل نہ کرنے کی صورت میں یومیہ اموات 600 تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

 حکومت نے کیسز بڑھنے پر تہران کے بعد دوسرے بڑے شہروں میں بھی پابندیاں سخت کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

 تہران میں اسکول، مساجد، ریستوران، دکانیں اور دیگر عوامی مقامات 3 اکتوبر سے بند ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے بیڈز کم پڑگئے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 5 لاکھ34 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جب کہ اب تک اموات 30 ہزار 712 ہوچکی ہیں اورکورونا کی دوسری لہر میں ایرانیوں کی بڑی تعداد متاثر ہورہی ہے۔