نیشنل پارٹی سینٹ انتخابات میں حصہ نہیں لے گی

222

نیشنل پارٹی نے پارٹی کے مرکزی رہنماء سینٹر میر حاصل خان بزنجو کی سینٹ آف پاکستان میں خالی ہونے والی نشست پر انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پارٹی ایک بااصول سیاسی جمہوری جماعت ہے اور اس وقت چونکہ جماعت کے پاس بلوچستان اسمبلی میں کوئی نشست نہیں ہے اس لیے پارٹی نے سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں باقاعدہ حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے بزنجو خاندان کے مشاورت سے کیا۔ میر حاصل خان بزنجو ایک جمہوری سیاسی اور اصول پسند انسان تھے ان کی سیاسی و قومی جدوجہد کو مشعل راہ بناتے ہوئے خاندان اور پارٹی اس نتیجے پر پہنچ گئے ہیں۔

نیشنل پارٹی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل اور ان کی جماعت سمیت اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں، صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نیشنل پارٹی کو سینٹ کے ضمنی انتخاب میں سپورٹ کرنے کا یقین دلایا۔

مزید کہا گیا ہے کہ نیشنل پارٹی ان تمام قائدین اور سیاسی جماعتوں کا ممنون و مشکور ہے جہنوں نے اس مشکل گھڑی میں پارٹی کے خالی ہونے والے نشست پر میر حاصل خان بزنجو کے فرزند شاہ وس حاصل بزنجو کو سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی اور خصوصی طور پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل کے مشکور ہیں کہ انہوں نے سب سے پہلے پیش قدمی کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پارٹی سیاسی جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور تمام سیاسی و قومی جماعتوں کو یقین دلاتا ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام کے قومی و سیاسی حقوق، پارلیمنٹ کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔