حاجی رزاق بلوچ نے حق و سچ کی فتح کے لئے شہادت کا جام نوش کیا – بی این ایم

834

بلوچ نیشنل موومنٹ کے ترجمان نے بی این ایم کے سابقہ انفارمیشن سیکریٹری حاجی رزاق کے ساتویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حاجی رزاق بلوچ کا شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے لیکن انہوں نے اپنی زندگی میں بلوچوں کے ذہن پر وہ نقوش ثبت کردیئے ہیں جنہیں دشمن اور حوادث زمانہ کبھی نہیں مٹا پائے گا۔

انہوں نے کہا حاجی رزاق بلوچ ایک دانشور، فلسفی، سیاسی رہبر، صحافی، بحث و مباحثہ کا دلدادہ، انتہا کی حد تک بہادر غرض ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ دشمن نے کریک ڈاؤن کا آغاز کیا۔ اس کریک ڈاؤن میں ریاست اور ریاستی گینگ وار گروپس دونوں بلوچ قومی تحریک کے جہدکاروں کے خلاف صف آراء تھے۔ لیکن حاجی رزاق نے بی این ایم کے قائد شہید غلام محمد کے فلسلفے کت تحت عوام میں موجود رہنے اور شہر نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ پارٹی پروگرام اورعوامی تربیت میں مشغول رہے۔ اس کی عزم، محنت اور جذبہ سے خوفزدہ ہوکر پاکستانی فوج نے انہیں اغوا کیا اور ہولناک اذیت سے شہید کردیا۔

ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر مالک اور ڈاکٹر حئی نے قومی موقف سے انحراف کی تکمیل کے بعد بی این ایم کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تو چیئرمین غلام محمد بلوچ نے منحرفین کے سامنے ڈٹ کر بی این ایم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس وقت کراچی میں حاجی رزاق پہلا آدمی تھا جس نے گھر اور دل کے دروازے بی این ایم کے لئے کھول دیئے، بی این ایم کے پروگرام کو لبیک کہا اور کراچی کے پہلے آرڈینیٹر منتخب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بی این ایم کو فعال بنانے میں حاجی رزاق کا کردار نمایاں تھا۔ انہوں نے پارٹی میں لٹریچر کو بنیاد فراہم کرنے میں لازوال کام کیئے۔ اسٹیڈی سرکلز کے انعقاد کو رواج دی۔ کارکنوں اور عوامی تربیت کو ہر چیز پر مقدم رکھا۔ وہ خود ایک عالم انسان تھے۔ انہیں بلوچ قومی سیاست، فلسفہ، جدلیاتی مادیت، سیاسی معیشت اور انسانی ارتقاء سمیت تمام اہم موضوعات پر دسترس حاصل تھا۔ وہ اپنے کارکنوں میں یہی صلاحیت دیکھنے کے متمنی تھے۔ اپنا گھر، لیاری کے چائے خانے، چاکیواڑہ کے فٹ پاتھ جہاں کہیں بھی موقع ملتا حاجی صاحب کے لئے درس گاہ تھے اور شاگرد کا مجمع تھا۔

ترجمان نے کہا حاجی رزاق کو دشمن نے زندان میں ہولناک اذیت سے دوچار کرکے قتل کردیا لیکن ان کا علمی سفر اور مشن جاری ہے۔ کراچی سمیت دنیا بھر میں پارٹی کارکن ان کے ادھورے مشن کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ بی این ایم کو یہ سعادت حاصل ہے کہ حاجی رزاق جیسے جینئس انسان نے پارٹی کوعلمی و فکری بنیاد فراہم کرنے میں کردار ادا کی اور سقراط کی طرح حق و سچ کی فتح کے لئے شہادت کا جام نوش کیا۔