بلوچستان کےکئی اضلاع میں بارشوں کانیا سلسلہ داخل

391
File Photo

بلوچستان کےکئی اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ہے۔ پی ڈی ایم اےنے 14 اضلاع میں سیلابی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ژوب میں شدید بارش سے مرکزی شاہراہ سنگر کے مقام پر پل ٹوٹنے سے بند ہوگئی جس کے باعث درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ انتظامیہ کے مطابق پل کی مرمت کا کام جاری ہے۔

بولان میں طوفانی بارشوں کے باعث پنجاب اور سندھ جانے والی گاڑیوں کو ڈھاڈر اور کولپور کے مقام پر روک دیا گیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق بارشوں کے پیش نظر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلیئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں مشینری پہنچائی گئی ہے، جہاں ضرورت ہوئی وہاں امدادی سرگرمیاں فوری شروع کریں گے۔

پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے 14 اضلاع میں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔