بلوچستان : دو مختلف ٹریفک حادثات میں 5 افراد ہلاک 5 زخمی

394

حادثات وڈھ اور زیارت میں پیش آئے۔

دی بلوچستان پوسٹ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان میں دو مختلف ٹریفک حادثات کے دوران پانچ افراد ہلاک اور کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج بلوچستان کے ضلع خضدار کے تحصیل وڈھ میں ٹریفک کے ایک خوفناک حادثے میں دو افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔

لیویز ذرائع کے مطابق جمعے کے روز وڈھ کے علاقے بارہ لک کے قریب گاڑی اور ٹرالر کے درمیان تصادم سے کمال خان اور عباس خان نامی دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ ظفر نامی شخص زخمی ہوگیا۔

لیویز نے ابتدائی کاروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کردیا۔ جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیئے گئے۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع زیارت میں چلتی گاڑی گہری کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں تین فراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق جمعہ کو زیارت کے علاقے ڈومیارہ میں گاڑی کے بریک فیل ہونے سے گاڑی گہری کھائی میں گرگئی۔ جس کے نتیجے میں محمد زمان، نصراللہ اور ندیم موقع پر ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے لیویز نے لاشوں اور زخمی کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا۔

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں حالیہ کچھ عرصے سے ٹریفک حادثات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اور ٹریفک حادثات کی بنیادی وجوہات میں تنگ و خستہ حال سڑکوں کے علاوہ ڈرائیوروں کی لاپرواہی کو بھی قرار دیا جاتا ہے ۔