باشعور طبقات حیات بلوچ کے قتل سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں – اے این پی

149

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں تربت میں طالبعلم حیات بلوچ کے قتل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے لوگوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے فوری طور پر اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر باچا خان مرکز سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقتول حیات بلوچ کے قتل سے متعلق جو تفصیلات میڈیا پر آرہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں طلباء سیاسی کارکنوں اور باشعور طبقات حیات بلوچ کے قتل سے شدید تشویش میں مبتلا ہیں اس طرح کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی بدامنی اور دہشتگردی کے اندھے واقعات میں اپنے کارکنوں اور پیاروں کو کھو دینے کے دکھ اور غم سے اچھی طرح واقف ہے۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر تربت میں طالبعلم حیات بلوچ کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور سوگوار خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔