ابوظہبی اور دبئی میں دھماکے، ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی

661

 دبئی اور ابوظہبی کے دھماکوں سے ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ابوظہبی اور دبئی کے 2 مختلف ریسٹورنٹس میں دھماکے ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دبئی میں دھماکہ گیس سیلنڈر کا تھا جبکہ ابوظہبی میں بھی دھماکے کے فوری بعد آگ لگ گئی تھی تاہم عمارت کو فوری طور پر رہائشیوں سے خالی کرا لیا گیا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے بعد آج اسرائیل کی پہلی تجارتی پرواز ابوظہبی پہنچ رہی ہے۔

13 اگست کو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جبکہ اسرائيلی وزيراعظم بينجمن نيتن ياہو نے دعویٰ کیا کہ سفارتی تعلقات کے لیے مزید کئی عرب رياستوں کے ساتھ خفيہ مذاکرات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ دو ہفتے قبل اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک تاریخی امن معاہدہ ہوا جس بعد مشرقی وسطیٰ کے دونوں اہم ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پر آسکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان امن معاہدہ کرانے میں ثالث کا کردار ادا کیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت اسرائیل مغربی کنارے میں واقع فلسطین کے ان علاقوں پر دعویٰ سے دستبردار ہوگا جنہیں وہ ضم کرنا چاہتا تھا۔