زہری :تربت سانحہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

246

زہری میں برمش یکجہتی کمیٹی کے جانب سے آج 13 جون بروز ہفتہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مختلف علاقوں سے طلباء سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے مظاہرے میں شرکت کرکے تربت واقعہ کی مزمت کی –

زہری کے مختلف علاقوں مشک، چشمہ، بلبل، دوگن،تراسانی سے موٹر سائیکل ریلی کی شکل میں مظاہرین نورگامہ شہر پہنچے جہاں سے ریلی نکالی گئی جو بازار میں پہنچ کر اختتام پزیر ہوا-

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بلوچستان میں ریاستی سرپرستی میں چلنے والے ڈیتھ اسکواڈز و منشیات فروشی کے خلاف نعرے درج تھے –

بلوچستان میں گزشتہ دو ہفتوں سے تربت واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بلوچستان میں ریاستی سرپرستی میں چلنے والے ڈیتھ اسکواڈز کی سرپرستی ختم کرکے انہیں گرفتار کیا جائے اور تربت واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے-