بی این پی وفد کی حکومتی کمیٹی سے ملاقات

101

وزیراعظم عمران خان کی قائم کردہ بلوچستان کمیٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد کی ملاقات

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی قائم کردہ بلوچستان کمیٹی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں 6 نکاتی ایجنڈا اور بلوچستان سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومتی کمیٹی کے وفد میں کمیٹی سربراہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور ممبر قومی اسمبلی خان محمد جمالی شامل تھے جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد میں پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات چیئرمین قائمہ کمیٹی آغا حسن بلوچ اور ممبر قومی اسمبلی ہاشم نوتیزئی شامل تھے۔

ملاقات میں ملک میں عالمی وباء کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات، مستحقین کی امداد کے لیے دیئے گئے وفاقی حکومت کے امدادی پیکچز، بجٹ اجلاس اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے وفود نے مشکل کی اس گھڑی میں سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کیلئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔