امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کورونا وائرس کے معاملے پر چین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ دنیا بھر میں اجتماعی قتل عام کا ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا چین کی نااہلی دنیا بھر میں اجتماعی قتل عام کا ذریعہ بنی، چین نے ٹرمپ کوجواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہو لیجیان نے کہا کہ امریکا بھول رہا ہے کہ ماضی میں امریکی رہنما بارہا انسداد وباء کیلئے چینی خدمات کا اعتراف کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ امریکی سیاستدان صرف الزامات کی سیاست کررہے ہیں۔
چینی صدر شی چن پنگ نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا ہے کہ ان کا ملک عالمی سطح پروباء سے لڑنے، اس سے بچائو، کنٹرول اور عوامی صحت کے تحفظ کیلئے ڈبلیو ایچ او کی حمایت اور بنگلہ دیش سمیت عالمی برادری کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ کورونا بحران نے چین سے تعلقات میں بہتری کی ہماری خام خیالی دور کردی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ چین کی قیادت آمریت پسندانہ ہے، چین تفتیش کاروں کو متعلقہ تنصیبات تک رسائی کی اجازت نہیں دے رہا ہے، وائرس کا لائیو سیپمل لینے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جبکہ چین کے اندر کورونا کی عالمی وباء پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔