عالمی سطح پر قیادت کی کمی کے باعث کورونا کو روکنے میں ناکامی ہوئی – یو این سیکرٹری جنرل

123

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتیریس کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے جو کچھ ہوسکتا تھا نہیں کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتیریس نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر قیادت کی کمی کے باعث کورونا کو روکنے میں ناکامی ہوئی۔

انتونیو گتیریس نے کہا کہ اہم ممالک الزام تراشی کے بجائے کورونا کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں، اہم ممالک قریب آئیں اور ایک میکانزم بنائیں جس میں لاک ڈاؤن کے خاتمے، کاروبار کھولنے اور اس کی بحالی کی حکمت عملی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے عالمی ردعمل دیکھ کر افسوس ہوا، ہمیں ماضی کی غلطیوں کو سنجیدگی سے لے کر ان سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف ہر ملک کی اپنی پالیسی اور حکمت عملی اس کے پھیلاؤ کی وجہ بنی، موجودہ حالات میں ڈبلیو ایچ او کو ہر ممکن ذرائع ملنے چاہئیں۔

انتونیو گتیریس نے مزید کہا کہ اس وقت ترقی پذیر ملکوں میں عالمی ادارے کا متبادل نہیں مل سکتا، جب تک جنوبی دنیا میں کورونا ختم نہیں ہوگا شمالی دنیا بھی خاتمے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔