سابق گورنر و رکن بلوچستان اسمبلی سید فضل آغا کا کورونا کے باعث انتقال

275

بلوچستان اسمبلی کے رکن اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

سید فضل آغا کا کورونا ٹیسٹ کچھ روز قبل مثبت آیا تھا۔

فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ کے ایک ڈاکٹر کے مطابق سید فضل آغا کو علاج کے لیے ابتدائی طور پر اسی ہسپتال لایا گیا تھا۔ تاہم ان کی حالت بگڑنے کے بعد انہیں کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔

سید فضل آغا کے ایک عزیز نے بھی ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔

سید فضل آغا، بلوچستان اسمبلی میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رکن بھی تھے۔ وہ 1997 سے 1999 تک بلوچستان کے گورنر رہے جبکہ 80 کی دہائی کے آخر میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے فرائض بھی انجام دیے تھے۔

پاکستان میں اس وبا کی وجہ سے ایک ہزار 9 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہزار 259 ہے البتہ کووِڈ 19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد13 ہزار 101 ہے۔