محکمہ صحت کے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی بند کی جائے – سلام بلوچ

144

پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن شیخ زید ہسپتال کے صدر سلام بلوچ نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر سے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت کے ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا سلسلہ بند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام محکمے لاک ڈاون ہیں ماسوائے محکمہ صحت کے ملازمین جو جان ہتھیلی پر رکھ کر انتہائی خطرناک صورتحال میں مخلتف سرحدوں سمیت بلوچستان بھر کے ہسپتالوں میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ہر مریض کا براہ راست رابطہ انہی ملازمین سے ہوتا ہے جبکہ پیرامیڈیکل اسٹاف تاحال ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس، اپ گریڈیشن سروس اسٹرکچر اور رسک الاؤنس سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں دن رات محکمہ صحت کے یہ ملازمین سہولیات نہ ہونے کے باوجود فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

سلام بلوچ کا کہنا ہے کہ تمام میڈیکل اسٹاف کی تنخواہوں سے کٹوتی کا سلسلہ بند کرکے محکمہ صحت کے ملازمین کے لیے ایک تنخواہ بونس کا اعلان کیا جائے تاکہ وہ عوام کی خدمت کرسکیں۔