کرونا وائرس کا خدشہ: کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریک بند کرنے کا فیصلہ

344

کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کے تحت وفاقی وزیر ریلوے نے کوئٹہ اور تفتان کے درمیان چلنے والی ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سماجی رابطوں کی سروس ٹوئٹر پراپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ تفتان کے درمیان ایک ماہ میں 4 ٹرینیں چلتی تھیں جوکہ واپس آچکی ہیں، اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تاحکم ثانی ان ٹرینوں کو نہیں چلایا جائےگا۔

شیخ رشید نے واضح کیا کہ کوئٹہ تفتان اور تفتان سے کوئٹہ کے درمیان ریلوے سروس بارڈر کھلنے تک نہیں چلائی جائے گی۔

انہوں نے پیغام دیا کہ عوام الناس کا کوئی سامان یا دوسری چیزیں اگر بکنگ میں ہیں تو اسے واپس لے جائیں۔

واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد حکومت نے تفتان میں بلوچستان ایران سرحد کو بند کردیا تھا، اس کے علاوہ بلوچستان حکومت نے بھی حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے بذریعہ تفتان ایران جانے والے زائرین کا صوبے میں داخلہ بند کررکھا ہے۔