پوسٹ گریجویٹ ریزیڈینٹ ڈاکٹروں کی تنخواوں میں کٹوتی قبول نہیں کرینگے – وائی ڈی اے

100

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز میں غیر قانونی طور پر تعینات ڈائریکٹر فائنانس کا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پوسٹ گریجویٹ ریزیڈینٹ ڈاکٹرز کی تنخواوں میں کٹوتیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں – ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان کے جاری کردہ ایک بیان کیمطابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر کنٹریکٹ سے مستقل ہونے والے ڈائریکٹر فائنانس کی پوسٹ پر براجمان ایک اہلکار کی جانب سے ڈاکٹروں کی تضحیک، بے جا مداخلت اور رواں سال جنوری میں انتقامی بنیادوں پر سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں کٹوتیوں کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اندرون بلوچستان ٹرشری کیئر ہسپتالوں اور صوبے سے باہر پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کرنے والے ڈاکٹروں کیساتھ تضحیک آمیزی، بے جا مداخلت اور ان کے مستقبل پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، بدحال صوبے کے پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کرنے والے ڈاکٹروں کے ٹریننگ میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مشکلات پیدا کی جارہی ہے، مذکورہ اہلکار ڈاکٹروں کے ڈیپوٹیشن اور پوسٹنگز میں خودساختہ پیچیدگیاں پیدا کرکے محکمے کو گمراہ کرتے آرہے ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی سیکریٹری صحت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کہ ان بے قاعدگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ اہلکار کے خلاف جلد عملی کاروائی کی جائیں اور تمام پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی تنخواہیں فوری طور پر ریلیز کی جائیں بصورت دیگر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان مذکورہ اہلکار کے خلاف تمام تر کوائف کیساتھ اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے تمام ہیلتھ یونٹس میں باقاعدہ احتجاجی لاء عمل کا اعلان کریں گے۔