فیس بک کا ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک

673

سوشل میڈیا کی مقبول سائٹ فیس بک کا ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ عارضی طور پر ہیک کرلیا گیا۔

گزشتہ روز ہیکنگ گروپ اور مائن(Our Mine) نے فیس بک کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے تمام صارفین کو بتایا کہ فیس بک بھی ہیک ہوسکتی ہے مگر اس کی کم از کم ٹوئٹر سے بہتر سیکیورٹی ہے۔

اورمائن گروپ نے اپنا ای میل ایڈریس دیتے ہوئے مزید کہا کہ اگر آپ اکاؤنٹس سیکیورٹی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو ہم سے رابطہ کریں۔

دوسری جانب فیس بک کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے سے متعلق مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے اپنے بیان کہا کہ جیسے ہی ہمیں اس مسئلے کے بارے میں معلوم ہوا ہم نے متاثرہ اکاؤنٹس کو بند کردیا اور پھر اپنے فیس بک پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کیا۔

اس ضمن میں فیس بک نے بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال ہونے کے بعد ٹوئٹ سے آگاہ کیا کہ ہمارے کچھ اکاؤنٹس کو مختصر دورانیے کے لیے ہیک کرلیا گیا تھا لیکن ہم نے اسے کامیابی سے محفوظ کرلیا اور اس پر پھر سے قابو پالیا ہے۔

واضح رہے کہ اور مائن دبئی کی ہیکنگ گروپ کمپنی ہے جو اس سے قبل بھی ہائی پروفائل اکاؤنٹس ہیک کرنے کا دعویٰ کرچکی ہے جن میں ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی، گوگل چیف ایگزیکٹو سندر پچائی، نیٹ فلیکس اور ای ایس پی این کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔

ہیکنگ گروپ اور مائن کے مطابق وہ سائبر حملے اس لیے کرتا ہے  تاکہ اکاؤنٹس سیکیورٹی کس حد تک کمزور ہے  اسے جانچ کر دکھا سکے، ساتھ ہی وہ متاثرہ صارفین کو ہدایت دیتا ہے کہ ان کی سروس کو اکاؤنٹس سیکیورٹی کو  بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جائے۔