صحافی امتیاز عالم کے گھر میں لوٹ مار باعث تشویش ہے- نیشنل پارٹی

214

نیشنل پارٹی نے معروف صحافی اور تجزیہ کار امتیاز عالم کے گھر مسلح افراد کی جانب سے گھس کر لوٹ مار کرنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔

اپنے  بیان میں ڈاکٹر مالک بلوچ صدر نیشنل پارٹی اورسیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق چھ سے سات مسلح ملزمان امتیاز عالم کے گھر کی دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے،ان کے سرکاری گن مین ( پولیس اہلکار ) سے بندوق چھین لی اور رسیوں سے باندھ کر فائرنگ کی، انکی بیٹی کے زیورات اور نقدی چھین لی اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔امتیاز عالم اس وقت امریکہ میں تھے۔

نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرا کے ملزمان کو بے نقاب کرے کیونکہ امتیاز عالم نہ صرف ایک سینئر صحافی ہیں بلکہ باہیں بازو کے دانشور ہیں جن کی زندگی کا مقصد پاکستان کو ایک جمہوری اور پر امن ملک بنانے میں گزری ہے ، ایسے واقعات شہر، صوبے اور ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔

نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور ذمہ دار ادارے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔