انڈر۔19 کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے میزبان جنوبی افریقا کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغانستان کے لیگ بریک گگلی بولر شفیق اللّٰہ غفاری نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
کمبرلے میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو غلط ثابت ہوا اور صرف ایک رن پر جوناتھن برڈ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اوپننگ بیٹسمین اینڈریو لوؤ بھی صرف دو رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، مایوس کن آغاز کے باعث ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔
یوں جنوبی افریقا کی ٹیم 29 اعشاریہ ایک اوور میں صرف 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان برائس پارسن 40، جیرالڈ کوئٹزی 38 اور لیوک بیوفورٹ 25 کے سوا کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔
افغانستان کے اسپنر شفیق اللّٰہ غفاری نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 15 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ فضل حق اور نور احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان کو پہلا نقصان 26 رنز پر اٹھانا پڑا، فرحان زاخیل 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین عمران نے ابراہیم زدران کے ساتھ مل کر عمدہ شراکت بنائی اور 80 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 106رنز تک پہنچادیا۔
عمران 57 رنز کی اننگز کھیل کر ابراہیم زدران کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اسکور میں صرف 22 رنز کے اضافے پر زدران بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس طرح افغانستان نے 25 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرکے انڈر۔19 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا۔
افغانستان کے شفیق اللّٰہ غفاری کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر پلیئر آف کی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان انڈر۔19 ٹیم اپنا پہلا میچ 19 جنوری کو اسکارٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔