بی این ایم یونان اجلاس، نئی آرگنائزنگ باڈی کی تشکیل

191

بی این ایم یونان کا اجلاس، آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی، قدیر ساگر آرگنائزر منتخب۔

خطے کے حالات، عالمی طاقتوں کے مفادات اور مستقبل کے امکانات کو مدنظر رکھ کر اپنی پالیسیاں مرتب کر نی ہوں گی۔ ڈاکٹر نسیم بلوچ کا اجلاس سے خطاب

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ بی این ایم یونان کا ایک سینئر باڈی اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس کے مہمان خاص بی این ایم ڈائسپورا کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر نسیم بلوچ تھے۔ اجلاس میں بی این ایم یونان کے اکثر کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی اور علاقائی صورتحال اور تنظیمی امور سمیت یونان میں تنظیم سازی کے ایجنڈا شامل تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نسیم بلوچ نے کہا دیارغیر میں ہم بلوچ قوم کے نمائندے اور آواز ہیں۔ ہماری قوم اس وقت اپنی تاریخ کے مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ ہمیں نہایت منظم ہو کر شب و روز محنت کرنی ہے کیونکہ ڈائسپورا میں دوسری مظلوم اور محکوم قوموں کی طرح بلوچوں کی بڑی تعداد نہیں ہے۔ بلوچ انتہائی کم تعداد میں ہیں۔ ان میں آزادی پسندوں کی تعداد اس سے بھی کم ہے۔ اس تعداد کو منظم کرنے کیلئے پہلے کوئی مکینزم موجود نہیں تھا۔ بیرونی دنیا میں بلوچوں کو منظم کرنے کیلئے سب سے پہلے سات سال قبل بی این ایم نے جرمنی اور برطانیہ میں تنظیمی ڈھانچہ بناکر بلوچوں کو منظم کرنے کی کوششوں کی ابتدا کی۔

ڈاکٹر نسیم بلوچ نے کہا کہ عالمی حالات اور عالمی مفادات ہمیشہ بدلتے رہتے ہیں۔ خطے کے حالات بھی تیزی سے بدل رہے ہیں۔ ہمیں بحیثیت قوم خطے کے حالات، عالمی طاقتوں کے مفادات اور مستقبل کے امکانات کو مدنظر رکھ کر اپنی پالیسیاں مرتب کر نی ہوں گی۔ بلوچستان کی وسیع ساحل سمندر اور وسائل پر دنیا کی گہری نظریں ہیں۔ چین پہلے ہی سے پاکستان کے ذریعے یہاں قدمیں جمانے میں مصروف ہے۔ چین کے ہاتھوں بلوچ سرزمین کا آسان سودا کرنے کیلئے پاکستان نے مظالم کے پہاڑ ڈھائے تاکہ وہ بلوچ قوم کو نیست و نابود کرکے اپنے گھناؤنے عزائم کی تکمیل کرے۔ لیکن بلوچ قوم کی جدوجہد نے چینی منصوبوں کو ہوا میں معلق کردیا ہے جس کے مظاہر ہمیں نظر بھی آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں بی این ایم کو منظم کرنے میں سنجیدہ سیاسی کارکناں نے نہایت محنت کی ہے۔ انہی کی بدولت آج بی این ایم امریکہ، کینیڈا، یورپ، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں موجود ہے اور بلوچوں پر ہونے والی مظالم کو دنیا کے سامنے آشکار کرا رہے ہیں۔ یہ بڑی کامیابی ہے لیکن ہمیں ایک خونخوار دشمن کا سامنا ہے لہٰذا ہمیں اس سے کئی گنا زیادہ محنت اور بہترین حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس کے آخرمیں یونان میں تنظیم سازی کیلئے بی این ایم یونان زون کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیاگیا۔ اس کیلئے ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس کے آرگنائزر قدیر ساگربلوچ، ڈپٹی آرگنائزر یونس بلوچ اور خلیفہ آدم کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قدیر ساگر، یونس بلوچ اور خلیفہ آدم نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قابض ریاست نے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے تو بیرون ملک اس پلیٹ فارم کو بلوچ قومی مسئلہ کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے ہمیں یہاں اپنی پوری توانائی صرف کرنی ہے۔ مگر دشمن یہ جان لے کہ بلوچ قوم کے دلوں میں اس کے لئے نفرت میں اضافہ اور آزادی کی چاہ میں اضافہ ہوا ہے۔ آزادی کیلئے اتنی قربانیاں دی گئی ہیں کہ بلوچ قوم اس سے پیچھے ہٹنے اور کمتر چیز مانگنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔