بلوچستان: حکومتی بقایاجات کی عدم ادائیگی، اخباری صنعت مسائل کا شکار

88

بلوچستان کے مقامی اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومت فوری اقدامات کرے،2017-18 کے واجب الادا بقایاجات کی عدم ادائیگی سے اخباری صنعت میں تشویش پائی جاتی ہے، بکسٹالز کی تعمیر کیلئے حکومت عملی اقدامات اٹھائے، اشتہارات و سپیشل سپلیمنٹ کی اجرا میں مقامی اخبارات کو ترجیح دی جائے – ان خیالات کا اظہار ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے چیئرمین عبدالغفار لانگو اور جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین نے ایکشن کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا۔

ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالغفار لانگونے کہا کہ 2017-18 کے اشتہارات کی مد میں اخبارات و جرائد کے کروڑوں روپے کی عدم ادائیگی سے اخباری صنعت میں سخت تشویش پائی جاتی ہے یہ بقایاجات ریگولر اشتہارات اور سپیشل سپلیمنٹ کی مد میں ہے جس کی ادائیگی کیلئے ایکشن کمیٹی بارہا حکومت سے مطالبہ کرتی رہی ہے۔

ایکشن کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ اشتہارات کی تقسیم و سپیشل سپلیمنٹ کی اجرا میں مقامی اخبارات کو اولیت دی جائے تاکہ مقامی اخباری صنعت کو فروغ مل سکے۔

اس موقع پر اجلاس میں موجود مدیران نے کہا کہ قارئین کو اخبارات و جرائد کی ترسیل کرنے والے اخبار فروش بھی گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں، اخبارات و جرائد کے منہدم شدہ بکسٹالز کی دوبارہ تعمیر کیلئے حکومت عملی اقدامات کرے تاکہ اخبارات و جرائد کی فروخت اور ترسیل سے منسلک ہاکرز کا دیرینہ مطالبہ حل ہوسکے، بکسٹالز کی دوبارہ تعمیر سے قارئین کو اخبارات وجرائد کی دستیابی مزید آسان ہوسکے گی۔