مشکے: 2 بچے بازیاب، خواتین تاحال لاپتہ

240

دس سالہ ضمیر اور دولت کو گذشتہ سال حراست بعد لاپتہ کیا گیا تھا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے مشکے سے لاپتہ کیئے جانے والے دو بچے بازیاب ہوگئے جبکہ ان کے ہمراہ لاپتہ حراست میں لیئے جانے والے خواتین تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق لاپتہ دس سالہ ضمیر ولد اللہ بخش اور دولت ولد داد محمد بازیاب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں خواتین و بچوں کی جبری گمشدگی تشویشناک ہے – بی ایچ آر او / وی بی ایم پی

یاد رہے دونوں بچوں کو 23 جولائی 2018 کو مشکے کے علاقے النگی سے دیگر تین بلوچ خواتین 55 سالہ نور ملک زوجہ اللہ بخش، 22 سالہ حسینہ زوجہ اسحاق اور 18 سالہ ثمینہ بنت اللہ بخش حراست بعد لاپتہ کیئے گئے تھے۔ آج ضمیر ولد اللہ بخش اور دولت ولد داد محمد بازیاب ہوئے جبکہ بی بی نورملک، حسینہ بی بی اورثمینہ تاحال لاپتہ ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل بھی بلوچ بچوں کے جبری طور پر لاپتہ ہونے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں اسی نوعیت کا واقعہ کراچی میں رہائش پزیر 9 سالہ آفتاب بلوچ کیساتھ پیش آیا جو گمشدگی کے چار مہینے بعد بازیاب ہوگیا تھا۔ ان کے لواحقین نے الزام عائد کیا تھا کہ آفتاب کو لاپتہ کرنے میں فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکار ملوث تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچ خواتین کے اغواء کا سنگین مسئلہ _ دی بلوچستان پوسٹ رپورٹ

آفتاب بلوچ کو بلوچ ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے انفارمیشن سیکرٹری نواز عطاء اور دیگر کے ہمراہ اغواء کیا گیا تھا جو تاحال لاپتہ ہیں۔