مون سون سے قبل اقدامات نہ کیے تو بڑی تباہی آسکتی ہے – رپورٹ

146

 پاکستان کی فیڈرل فلڈ کمیشن نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کو خبردار کردیا ہے کہ ملک میں ریکارڈ بارشوں اور برف باری کے بعد سپر فلڈ کا خدشہ ہے، آئندہ مون سون سے پہلے اقدامات نہ کیے تو بڑے تباہی آسکتی ہے۔

 دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن احمد کمال نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کو آگاہ کردیا ہے کہ آئندہ مون سون میں تباہ کن سیلاب آ سکتا ہے،حفاظت کے پیشگی اقدامات کرلیں۔

احمد کمال کا کہنا تھا کہ فلڈ کنٹرول سسٹم کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے وزارت خزانہ سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 15 ارب روپے رکھنے کی بھی درخواست کی۔

یوسف تالپورکی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں جوائنٹ سیکرٹری آبی وسائل مہر علی شاہ نے ٹیوب ویلز کو ریگولرائز کرنے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ ملک میں 13 لاکھ ٹیوب ویلز چل رہے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں کہ زمین سے کتنا پانی نکالا جارہا ہے۔