لورالائی : مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار ہلاک

263

لورالائی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے فرنٹیئر کور کے 2 اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے لورالائی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کے فائرنگ سے دو فرنٹیئر کور اہلکار ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لورالائی ژوب روڈ پر مجید پلازہ کے قریب موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح نے نے فائرنگ کرکے دو ایف اہلکاروں ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد مقامی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی شخص کو ڈی ایچ کیوں ہسپتال لورالائی منتقل کردیا ۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے اہلکاروں میں حوالدار علاؤالدین کا تعلق لکی مروت سے ہے اور لاس نائیک انور کا تعلق کرک سے ہے۔

یاد رہے گذشتہ کچھ عرصے سے لورالائی میں فورسز پر تواتر کے ساتھ حملے ہورہے ہیں۔ جس میں گذشتہ مہینے چھاؤنی پر حملہ قابل ذکر ہے جس میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فورسز کے چار اہلکار ہلاک ہوئے تھے  جبکہ اس سے قبل لورالائی کے علاقے مہاجر اڈہ کے مقام پر مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایدھی انچارج بازمحمد عادل جانبحق ہوگئے تھے۔

ان حملوں میں سے اکثریت کی ذمہ داری مذہبی شدت پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہے تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔