سعودی ولی عہد کے دورے کے بعد اسلامی تعاون تنظیم اجلاس میں بھارت مدعو

181

 پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان یکم مارچ کو ابو ظہبی کے مقام پر ملاقات کے امکان کا اظہار کیا جارہا ہے۔

 دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غیر متوقع اقدام کرتے ہوئے دہلی کو بھی اپنے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرلت کے لیے مدعو کیا ہے۔

بھارت کی وزارت برائے امور خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کو او آئی سی کے 46 ویں سیشن میں شرکت کے لیے مدعو کیا جانا خوش آئند اور 18 کروڑ 50 لاکھ مسلمانوں کی آبادی والے ملک بھارت کی اسلامی دنیا میں شراکت کے اعتراف کا ثبوت ہے۔

یہ اجلاس ابو ظہبی میں یکم اور 2 مارچ کو منعقد ہوگا جس میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید بن النہیان نے انہیں ’اعزازی مہمان‘ کے طور پر مدعو کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے امکانات کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔

او آئی سی کو مسلم دنیا کی مجموعی آواز تصور کیا جاتا ہے اور اس کا مقصد مسلم امہ کے مفادات کا عالمی سطح پر تحفظ کرنا اور دنیا کے دیگر لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔

بھارت کو او آئی سی اجلاس کے لیے دعوت دیا جانا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان اور بھارت کے دورے کے بعد سامنے آیا جنہوں نے دونوں ممالک میں امن پر زور دیا تھا۔