خاران: فورسز کی آپریشن جاری، ہیلی کاپٹروں کی آمد

128

خاران کے نواحی علاقے میں آپریشن جاری، ہیلی کاپٹروں اور ایمبولنس گاڑیوں کی مذکورہ علاقوں میں آمد

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خاران کے نواحی علاقوں میں فورسز کی جانب سے آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ فوجی ہیلی کاپٹر اور ایمبولینس گاڑیاں مذکورہ علاقے میں پہنچ گئے۔

آج بروز جمعرات علی الصبح پاکستانی فورسز نے خاران کے نواحی علاقے لجے اور گرد و نواح میں آپریشن کا آغاز کیا جس میں فورسز کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ کے نمائندے کے مطابق مذکورہ علاقے میں تاحال آپریشن جاری ہے اور فورسز کی کمک کیلئے ہیلی کاپٹر پہنچ چکے ہیں جبکہ ایمبولنس گاڑیوں کی بھی آمد جاری ہے۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق فورسز اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں فورسز کو جانی نقصان اٹھانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

سرکاری ذرائع کی جانب سے تاحال مذکورہ علاقے میں آپریشن کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی جبکہ دوسری جانب دوران آپریشن عام آبادیوں کو بھی نشانہ بنانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔