تربت میں گیس سلنڈر دھماکے کی ایک اور زخمی بچی دم توڑ گئی، جس کے بعد جانبحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے تربت میں گیس سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والی ایک اور بچی دم توڑ گئی، جس کے بعد جاں بحق ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چار روز قبل تربت شہر کے مرکزی بازار میں گیس سلنڈر پھٹنے سے بچوں سمیت 21 افراد زخمی ہو گئے تھے جو کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے اب تک 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 11 زخمی اب بھی زیر علاج ہیں ۔
تربت کے ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد بسوں، ویگنوں اور دیگر گاڑیوں میں گیس سلنڈروں پر پابندی عائد کر دی گئی۔
عوامی حلقوں نے شکایت کی ہیکہ یہ گیس سلنڈر ایران سے لائے جاتے ہیں جن کا کوئی معیاد اور معیار چیک نہیں ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی تربت میں شادی کی تقریب میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 10 سے زائد خواتین و بچے جانبحق ہوگئے تھے ۔
دوسری جانب تربت میں برن سینٹر نا ہونے کے سبب زخمیوں کو کراچی منتقل کرنا پڑتا ہے اور اس دوران کئی زخمی اپنی جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔