چائنا کمپنی کا حبکو تھر پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعلان

186

پاکستان کی سب سے بڑی آئی پی پی حبکو نے اپنی ذیلی کمپنی تھر انرجی لمیٹڈ میں چائنا مشینری انجینئر نگ کارپوریشن کی جانب سے سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔

چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن ابتدائی طور پر تھر انرجی لمیٹڈ میں 3.9ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی۔ تھر انرجی لمیٹڈ تھر بلاک ٹو میں مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے پہلے منصوبوں میں سے ایک ہے جس کو حب پاور کمپنی کی جانب سے 330میگا واٹ lignite۔fired پاور پلانٹ قائم کرنے کیلئے بنایا تھا۔

کمپنی سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق حب پاور کمپنی، فوجی فرٹیلائزر اور چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے ساتھ تھر انرجی لمیٹڈ (Thar Energy Limited)میں بالترتیب 30 اور 10 فیصد سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط کرچکی ہے جبکہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی اس سال کے ابتدا ہی سے تھر انرجی لمیٹڈ میں اپنی سرمایہ کاری کا آغاز کرچکی ہے۔

کمپنی نے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے چائنا ڈیویلپمنٹ بینک جبکہ مقامی سرکایہ کاری کیلئے حبیب بینک کو نامزد کیا ہے۔ مارچ 2021تک کمپنی کے کمرشل آپریشن شروع کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ حب پاور کمپنی حب، نارووال ا ور آزاد کشمیر میں موجود اپنے تین پاور پلانٹس کے ذریعے 1601 میگاواٹ بجلی پیدا کررہی ہے۔

کمپنی اس وقت ملک کی واحدبجلی پیدا کرنے والی کمپنی ہے جس نے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری میں شامل تین منصوبوں چائنا پاور حب جنریشن کمپنی، سندھ اینگرول مائننگ کمپنی اور تھر انرجی لمیٹڈ میں سرمایہ کاری کررکھی ہے۔