شفیق مینگل کی حمایت کرکے نیشنل پارٹی کا چہرہ مزید ظاہر ہوگیا – ڈاکٹر اللہ نذر

474

نیشنل پارٹی کے انسانیت کے خلاف جرائم ناقابل معافی ہیں – ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ

دی بلوچستان پوسٹ سوشل میڈیا رپورٹر کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں آزادی پسند بلوچ رہنما و بی ایل ایف کے سربراہ ڈاکٹر اللہ نذر نے کہا ہے کہ شیفق مینگل کی حمایت کرکے نیشنل پارٹی کا چہرہ مزید ظاہر ہوگیا۔

انہوں نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’جب حاصل بزنجو اور اس کے گروہ نے ڈیتھ اسکواڈ کے سربراہ اور بدنامِ زمانہ جرائم پیشہ شخص شفیق مینگل کی ضمنی انتخابات میں حمایت کی تو نیشنل پارٹی کا اصل چہرہ مزید ظاہر ہوگیا۔ نیشنل پارٹی کے انسانیت کیخلاف جرائم ناقابلِ معافی ہیں۔‘‘

واضح رہے شفیق مینگل پر الزام عائد ہوتا رہا ہے کہ وہ بلوچ مسلح دفاع نامی ایک ڈیتھ اسکواڈ کی سربراہی کرتے ہوئے، بلوچ قوم پرست سیاسی کارکنوں کے اغواء اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ہیں اور توتک میں اجتماعی قبروں کا ذمہ دار بھی اسے قرار دیا گیا تھا جہاں سے 169 مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: شفیق مینگل ایک مہلک ریاستی ہتھیار – ٹی بی پی رپورٹ

آزادی پسندوں کی جانب سے نیشنل پارٹی کے قیادت پر بھی ایسی الزامات لگتے رہے ہیں۔

حالیہ ضمنی انتخابات میں حلقہ پی بی 40 خضدار سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے اکبر مینگل کا مقابلہ شفیق الرحمن مینگل سے تھا جس میں اکبر مینگل نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔

یاد رہے ضمنی انتخابات کے موقعے پر سردار اختر مینگل پر ان کے گھر پر مبینہ طور پر حملہ کرکے انہیں نشانہ بنانے کا واقع بھی پیش آیا جسے سردار اختر مینگل کے ذاتی محافظوں نے ناکام بنایا۔