خضدار: اختر مینگل پر حملے کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

980

سردار اختر مینگل کے رہائشگاہ کے باہر سے چار افراد گرفتار، دستی بم و اسلحہ برآمد

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار سے اختر جان مینگل کے رہائشگاہ کے قریب سے چار مشکوک افراد کو گرفتار، دو افراد سے دستی بم و اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں واقعے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل کے رہائشگاہ کے قریب سے چار مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن سے دوران تلاشی دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مشکوک افراد کو سردار اختر مینگل کے رہائشگاہ پر تعینات ذاتی محافظوں نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ رہائشگاہ کے اندر جانے کی کوشش کررہے تھے۔

مقامی انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مذکورہ افراد کو اپنے حراست میں لیکر خضدار منتقل کردیا جبکہ حملہ آوروں کے دو ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

بی این پی مینگل کے ترجمان آغا حسن بلوچ و دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرس کرتے ہوئے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کو ناکام بنادیا گیا جبکہ کل تمام ڈسٹرکٹ میں احتجاجی مظاہروں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا۔

واضح رہے سردار اختر مینگل کل منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں اپنے علاقے کے دورے پر ہیں۔