بلوچستان کے مختلف علاقوں سے گرفتاری بعد لاپتہ ہونے والے 2 افراد بازیاب اور مزید 4 افراد لاپتہ
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے گرفتاری بعد لاپتہ ہونے والے 2 افراد بازیاب ہوگئے جبکہ مزید 4 افراد لاپتہ کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق دشت کے علاقے دلسرد اور مچی میں سیکورٹی فورسز نے گھروں پر چھاپے مار کر چار افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پے منتقل کردیا۔
علاقائی زرائع کے مطابق دلسر میں گھر پر چھاپہ مار کر سیکورٹی فورسز نے دو بھائی عاقل اور محسن ولد قاضی سبزل سکنہ مند کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا۔
دشت ہی کے علاقے مچی میں سیکورٹی فورسز نے ایک اور گھر پر چھاپہ مار کر یاسب ولد حاصل سکنہ مچی دشت کو گرفتاری بعد نامعلوم مقام پے منتقل کردیا۔
علاوہ ازیں گذشتہ روز دشت کے علاقے سورک سے فورسز نے اکیل ولد پُھلان کو گرفتاری بعد لاپتہ کردیا۔
دریں اثنا ضلع کیچ اور ضلع خضدار سے دو لاپتہ افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے وڈھ کا رہائشی یوسف ولد عبدالعزیز بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔
علاقائی زرائع کے مطابق یوسف 2016 سے لاپتہ تھا۔
ضلع کیچ سے 14 جولائی کو جبری طور پر لاپتہ ہونے والے دولت حسن آج بازیاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے درجنوں لاپتہ افراد بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں اور ساتھ ہی اسی تیزی کے ساتھ بلوچستان کے طول و عرض سے مزید نوجوان، بزرگ اور خواتین کو گرفتار کرکے لاپتہ بھی کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: چھ نکات اور لاپتہ افراد – دی بلوچستان پوسٹ رپورٹ