ڈیرہ مراد جمالی و قلعہ عبداللہ میں فائرنگ سے 1 شخص جانبحق، 2 زخمی

178

ڈیرہ مراد جمالی و قلعہ عبدااللہ میں فائرنگ کے واقعات میں 1 شخص جانبحق و لڑکی سمیت 2 افراد زخمی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے شہر ڈیرہ مراد جمالی اور ضلع قلعہ عبداللہ میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں 1 شخص جانبحق اور لڑکی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے گوٹھ عبدالفتح میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گھر کا سربراہ عبدالغنی موقعے پر جانبحق اور اس کی 20 سالہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔

فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اور زخمی لڑکی کو علاج کے لیے لاڑکانہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جا رہی ہے، پولیس نے علاقے کی نا کہ بندی کردی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

دریں اثنا قلعہ عبداللہ میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 1 شخص شدید زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق قلعہ عبداللہ میں میزئی اڈہ کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اعجاز احمد پیرعلیزئی شدید زخمی ہوگیا جنہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔