مستونگ: فوجی آپریشن چوتھے روز بھی جاری، متعدد افراد لاپتہ

240
File Photo

مستونگ کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن چوتھے روز بھی جاری، 18 افراد حراست بعد لاپتہ

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع مستونگ کے پہاڑی و میدانی علاقوں میں فوجی آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے جبکہ گرآپ رُعبدار اور دلبند کے علاقوں سے 18 افراد کو فورسز نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ۔

علاقائی ذرائع کے مطابق اٹھارہ افراد کو لاپتہ کرنے سمیت فورسز نے گھروں کو نذرآتش کرکے مال مویشی کو لوٹ لیا ہے۔

واضح رہے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دلبند، سیاہ، جوہان، رُعبدار اوردیگر علاقوں میں وسیع پیمانے شروع ہونے والا فوجی آپریشن آج چوتھے روز بھی جاری ہے۔

آپریشن میں زمینی فوج کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہیں اور فورسز کو گن شپ ہیلی کاپٹروں کی فضائی کمک بھی حاصل ہے جبکہ علاقے میں مواصلاتی نظام نہ ہونے کی وجہ بروقت معلومات تک رسائی میں دشواری پیش آرہی ہے۔

سرکاری سطح پر تاحال آپریشن کی تصدیق یا تردید نہیں ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مذکورہ علاقوں میں تواتر کے ساتھ وسیع پیمانے کے متعدد آپریشن کیئے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں درجنوں لوگ ہلاک اور سینکڑوں لاپتہ کیئے گئے ہیں۔

ایک ایسے ہی آپریشن میں چند سال قبل فورسز نے مذکورہ علاقے میں خانہ بدوشوں کی ایک آبادی پر بمباری کرتے ہوئے قریباً دو درجن سے زائد خانہ بدوشوں کو ہلاک کیا تھا۔