سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نوازانتقال کرگئیں

239

نواز شریف، مریم اور صفدر کو پے رول پر رہائی دی جائے گی

آمدہ اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں دوران علاج انتقال کرگئیں۔

نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف اور اور ان کے صاحبزادے حسین نواز نے بیگم کلثوم نواز کی وفات کی تصدیق کرلی

کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبعیت بگڑنے پر دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

۔خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی تدفین پاکستان میں ہی ہوگی اور جیسے ہی لندن میں مجسٹریٹ سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ ملے گا، میت کو وطن لانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کاکہنا ہےکہ میاں نوازشریف کو ان کی اہلیہ کے انتقال سے اڈیالہ جیل میں آگاہ کردیا گیا ہے جس کے بعد نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک ہی روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز کو اگست 2017 کے دوران گلے میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے علاج کی غرض سے وہ لندن میں موجود تھیں، جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی تھیں۔

ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو نماز جنازہ سے لے کر تدفین تک رہائی دی جائے گی۔

ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ پے رول پر رہائی کے لیے درخواست ملنا ضروری ہے۔

کینسر کے مرض میں مبتلا سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے لندن کے اسپتال میں زیرعلاج تھیں جو آج انتقال کرگئیں