بلوچستان: مختلف حادثات و واقعات میں 4 افراد جانبحق، 12 زخمی

203

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے حادثات میں 4 افراد جانبحق، 12 زخمی

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، خضدار، پشین، سبی اور بولان میں مختلف حادثات میں بچے سمیت مجموعی طور پر چار افراد جانبحق اور باراں زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے علاقے مینگل ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص رحمت اللہ ولد نظر محمد زخمی ہوگیا۔

جبکہ کوئٹہ کے ایک اور علاقے شعبان ٹاؤن کے قریب چمن سے کوئٹہ آنے والی ٹرین کی ٹکر سے 65 سالہ محمد امین ولد محمد یوسف یوسفزئی سکنہ ارباب ٹاؤن زخمی ہوگیا جنہیں فوری طور پہ سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بعدازاں ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں چھین کپی راڈ لگنے کے باعث ایک مزدور جانبحق ہوگیا۔

دوسری جانب پشین کے علاقے گلستان میں گیارہ سالہ محمد یوسف ولد علاؤالدین اچکزئی تالاب میں ڈوب کر جانبحق ہوگیا۔

دریں اثناء سبی کے علاقے لنڈی کھوسہ گاؤں میں دو گروہوں میں لڑائی کے نتیجے میں دو افراد جانبحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

جبکہ ضلع بولان میں روڈ حادثے میں دو افراد جانبحق اور چار زخمی ہوگئے۔