بلوچ ریپبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیر محمد بگٹی نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ “بلوچ قوم 26اگست کو ڈاڈائے قوم شہید اعظم نواب اکبر بگٹی کی یوم شہادت کے دن بلوچستان بھر میں شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاڈائے قوم نے اس قوم کی خاطر پیراں سالی میں ظلم کے خلاف کھڑے ہوکر پہاڑوں کو اپنا مسکن بنایا اور بلوچ قوم کی حق آزادی کیلئے لڑتے ہوئے خود کو قربان کردیا۔ شہید ڈاڈائے قوم نے اپنے لہو سے اس تحریک کی بنیاد ڈالی ہے اب ہر بلوچ فرزند پر فرض بنتا ہے کہ وہ شہید اعظم کی کارواں کو پوری شدت کے ساتھ آگے بڑھائیں اور کامیابی سے ہمکنار کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ڈاڈائے قوم کی یوم شہادت کے دن بلوچستان بھر میں شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی، ہم بلوچستان کے تمام کاروباری برادری اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کرتے ہیں کہ اس دن اپنے کاروبار بند رکھیں اور قوم کے عظیم رہبر کو خراج عقیدت پیش کریں۔
شیر محمد بگٹی کا کہنا ہے کہ شہید اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بلوچستان اور بین القوامی سطح پر ریفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائے گا جبکہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والے کارکنان سوشل میڈیا پر #ShaheedNawabAkbarBugti کے ہیش ٹیگ سےمہم چلا کر ڈاڈائے قوم سے اظہار محبت کرینگے اور شہید اعظم کی بلوچستان کے حوالے سے مسلسل جہدوجہد اور قربانیوں کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کرینگے۔