پسنی: ماہیگیروں کا غیر قانونی ٹرالنگ کیخلاف ہڑتال

278

محمکہ فشریز کیجانب سے سمندری حدود ٹرالر اور گجہ نیٹ مافیا کو فروخت کیئے گئے ہیں: ماہیگیروں کا الزام

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پسنی جیٹی میں ماہی گیروں نے ٹرالنگ اور گجہ نیٹ کے خلاف کشتیاں ساحل پے کھڑی کر کے ہڑتال کردی۔

ماہیگیروں کے مطابق ٹرالر اور گجہ نیٹ والے غیر قانونی طور پر ماہی گیری کررہے ہیں جبکہ مقامی ماہیگیروں کو کہا گیا ہے کہ وہ جزیرہ ہفت تلار کے قریب ماہی گیری نہیں کرسکتے ہیں۔

مقامی ماہیگیروں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ فشریز بلوچستان کی جانب سے ٹرالر اور گجہ نیٹ استعمال کرنے والوں کو مذکورہ علاقے شکار کیلئے فروخت کردیئے گئے ہیں جبکہ روزانہ تین سو کے قریب ٹرالر غیر قانونی طور پر مچھلی کا شکار کررہے ہیں لیکن محکمہ فشریز ان کی تدارک کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھا رہی ہے۔

ماہیگیر نمائندوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سمندر میں غیر قانونی فشنگ سنگین مسئلے کی صورت اختیار کرچکا ہے بعض بااثر ریٹائرڈ بیوروکریٹس کی پشت پناہی اور فشریز محکمے کے عملے کی ملی بھگت سے بلوچستان کے سمندر سے ٹرالروں کی جانب سے سی فوڈ کا صفایا کیا جارہاہے اور مقامی ماہیگیر وں کے لئے چھوٹے کشتیوں کے ذریعے مچھلیاں پکڑ کر اپنے بچوں کیلئے نان ونفقہ کا بندوبست کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے .