عوام کی حالت زندگی دیکھ کر کہہ سکتے ہیں کہ ابھی تک تبدیلی نہیں آئی ہے ۔
دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک رپورٹ کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو باتیں میں نے پارلیمنٹ میں کہیں وہ میرے نہیں تھے بلکہ وہ بلوچستان کے عوام کی احساسات اور ان کے جذبات تھے جن کی عکاسی ہم نے کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بلوچستان جاکر عوام سے پوچھیں کہ وہ کس طرح زندگی گزار رہے ہیں تو اندازہ کرسکتے ہیں کہ ابھی تک تبدیلی نہیں آئی ہے۔
اختر مینگل کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان اور اس کے لوگوں کو پارلیمنٹ میں بیٹھے نمائندوں سمیت الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا نے ہمیشہ آنکھوں سے اوجھل رکھا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا اگر کوئی بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتا ہے تو ہمارے چھ نکات ان کی طرف ایک راستہ ہے۔
ہمیں ستر سالوں سے کہا جارہا ہے کہ آپ بلوچستان کی غلط تصویر پیش کررہے ہیں۔ ہم میڈیا کو دعوت دہتے ہیں کہ اگر انہیں ہم پر یقین نہیں ہے تو وہ ان علاقوں کا دورہ کر کے حقائق کو سامنے لائے۔