مستونگ و گردونواح میں ایک وسیع پیمانے کے فوجی آپریشن کا آغاز

169

مستونگ کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن جاری، جنگی ہیلی کاپٹروں کی پروازیں اور شیلنگ

دی بلوچستان پوسٹ کو موصول ہونے والی آمدہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دلبند، سیاہ، جوہان اوردیگر علاقوں میں وسیع پیمانے کے فوجی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، جس میں زمینی فوج کی بڑی تعداد حصہ رہی ہیں جبکہ فورسز کو فضائی کمک بھی حاصل ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقوں کو جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کرکے آپریشن کا آغاز علی الصبح کردیا گیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ آپریشن مستونگ کے پہاڑی و میدانی علاقوں سمیت شہری علاقوں میں بھی جاری ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ کو غیر مصدقہ ذرائع سے عام شہریوں پر فائرنگ اور شیلنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں، تاہم ابھی تک ہلاکتوں اور گرفتاریوں کے بابت حتمی معلومات آنا باقی ہے۔

حکومتی ذرائع کے جانب سے تاحال آپریشن کی تصدیق یا تردید نہیں ہوئی ہے۔

واضح رہے دی بلوچستان پوسٹ پر مذکورہ علاقوں میں آپریشن کی تیاریوں کے حوالے سے 20 اگست کو خبر شائع ہوئی تھی، جس کے مطابق پاکستانی فورسز نے مستونگ اور آس پاس کے علاقوں کابو،اسپلنجی اور درینگڑھ میں بڑے پیمانے کی آپریشن کی تیاری کر رہے تھے۔ اور ذرائع نے اس بات کا شبہ ظاھر کیا تھا کہ آپریشن میں شہری، میدانی اور پہاڑی علاقوں میں فورسز زمینی اور فضائی کارروائی کرے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مذکورہ علاقوں میں تواتر کے ساتھ وسیع پیمانے کے متعدد آپریشن کیئے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں درجنوں لوگ مارے اور سینکڑوں لاپتہ کیئے گئے ہیں۔

ایک ایسے ہی آپریشن میں چند سال قبل فورسز نے مذکورہ علاقے میں خانہ بدوشوں کے ایک آبادی پر بمباری کرتے ہوئے قریباً دو درجن سے زائد خانہ بدوشوں کو ہلاک کیا تھا۔