سندھ سے 3 قوم پرست کارکنان لاپتہ

162

گرفتاریاں گذشتہ شب ضلع دادو اور کراچی میں پیش آئیں

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سندھ کے مختلف علاقوں سے تین افراد گرفتاری کے بعد لاپتہ کردیئے گئے۔

مزید معلومات کے مطابق سندھ کے ضلع دادوکے مہر شہرسے سندھی قومپرست کارکن ستارکلہوڑو اور انسانی حقوق کے کارکن کاظم لُنڈ کو محراب پور سے گزشتہ رات ان کے گھروں سے رینجرز اور خفیہ اداروں چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا، جسکے بعد ابتک وہ لاپتہ ہیں۔

دریں اثناء کراچی کے علاقے سچل گوٹھ سے منصور ڈنہورکو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا، وہ بھی تا حال لاپتہ ہیں۔

واضح رہے سندھی قومپرست حلقے فورسز اور خفیہ اداروں پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ ان گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں میں فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکار ملوث ہیں اور ان کا موقف ہے کہ 14 اگست یوم پاکستان کے قریب آتے ہی سندھی قومپرست کارکنان کی گرفتاریوں میں تیزی لائی گئی جبکہ گذشتہ دنوں سندھ کے مختلف شہروں سے 13 افراد کی گرفتاری بعد لاپتہ ہونے کی خبریں موصول ہوئیں تھیں۔

سندھ میں جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے آواز اٹھانے والی تنظیم وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کی اعداد و شمار کے مطابق سندھ سے 180 سے زائد قومپرست کارکنان لاپتہ ہیں۔