چاغی میں بی این پی مینگل کے رہنما کا ووٹر کو بی این پی اور بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کو ووٹ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکی ۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے علاقے چاغی کے مشہور و معروف شخصیت حاجی بابو انور نوتیزئی نے ایک انتخابی کارنر مینٹگ میں خطاب کرتے ہوئے وہاں موجود لوگوں کو بی این پی مینگل اور ان کے علاقائی اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی ( باپ ) کو ووٹ نہ دینے پر انھیں سنگین نتائج کی دھمکی دی ۔
واضح رہے کہ چاغی میں بی این پی مینگل نے حال ہی میں وجود میں آنے والے پارٹی ( باپ) سے انتخابی اتحاد کیا ہوا ہے ، جبکہ دوسری جانب گذشتہ روز بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل نے ایک مجمع سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کو ہدف تبقید بناتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکنوں کو باپ پارٹی میں شمولیت کےلئے دھمکی دی جارہی اور ساتھ ہی سردار اختر مینگل نے اپنے روایتی طنزیہ انداز میں کہا کہ باپ پارٹی میں شمولیت کی دھمکی انکو دیا جائے جن کے باپ نہیں ۔
واضح رہے چاغی سے تعلق رکھنے والے حاجی بابو انور نوتیزئی کے حوالے سے امریکی صدر اوباما کے دور میں ایک رپورٹ جاری ہوا جس میں بابو انور کو دنیا کے پانچ خطرناک ترین منشیات کے سمگلروں میں شمار کیا گیا تھا ۔
چاغی سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقہ فکر سے رکھنے والے لوگوں نے بابو انور کی ویڈیو سوشل میڈیا میں آنے کے بعد اس کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں رائے دینا ہر شخص کا انفرادی و جمہوری حق ہے ، کسی کو زبردستی اپنے حق میں ووٹ دینے پر مجبور کرنا ایک غیر اخلاقی و غیر جمہوری عمل ہے ۔
چاغی سے نوجوانوں نے انتخابی امیدواروں سے مطالبہ کیا کہ وہ انتخابات میں شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں ۔