نیشنل پارٹی کے بعد بی این پی عوامی کا شفیق مینگل کے ساتھ اتحاد

1047

بلوچستان میں ہونے والے عام انتخابات میں نیشنل پارٹی کے بعد بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کا بھی جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ شفیق مینگل سے اتحاد

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے پی بی 36 سوراب سے شفیق مینگل نے ظفر زہری کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سوارب کے حلقہ پی بی 36 کے اُمیدوار شفیق مینگل نے بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے نامزد اُمیدوار ظفر اللہ زہری کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ جبکہ این اے 269 خضدار سے بحثیت آزاد اُمیدوار بی این پی عوامی شفیق مینگل کی حمایت کرے گی۔

واضح رہے2013 کے انتخابات میں ظفر اللہ زہری نے شفیق مینگل کو بھاری اکثیریت سے شکست دی تھی اسکے علاوہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی اور سابق مخلوت حکومت کا حصہ رہنے والے نیشنل پارٹی کو سیاسی حریف سمجھا جاتا ہے۔

یاد رہے شفیق مینگل پر الزام عائد ہوتا رہا ہے کہ وہ بلوچ مسلح دفاع نامی ایک ڈیتھ اسکواڈ کی سربراہی کرتے ہوئے، بلوچ قوم پرست سیاسی کارکنوں کے اغواء اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ہیں اور توتک میں اجتماعی قبروں کا ذمہ دار بھی انہیں قرار دیا گیا تھا جہاں سے 169 مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں تھیں۔