مند : فورسز کے ہاتھوں 9 افراد گرفتار ی کے بعد لاپتہ

235
File Photo

مند کے دو مختلف علاقوں سے فورسز نے 9 افراد کو حراست میں لینے کے بعد نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے سرحدی علاقے مند کے دو مختلف علاقوں سے پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے 9 افراد کو حراست میں لینے کے بعد نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مند کے علاقے گوبرد سے سیکیورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ لاپتہ افراد میں قیوم ولد شیرمحمد ، امام ولد اقبال ، یاسر ولد ناسر ، دودا ولد مراد بخش ، خالد ولد حامد اور باہڑ ولد مراد بخش شامل ہیں، تمام افراد گوبرد کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

دوسری جانب مند ہی کے علاقے گوَک سے ایک اور کاروائی میں فورسز نے تین افراد کو گرفتاری کے بعدلاپتہ کر دیا ۔ اطلاعات کے مطابق گوَک سے گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت سلام ولد شبیر اور یار محمد کے ناموں سے ہوئی ہے ، جبکہ گوَ ک سے گرفتار ہونے والے تیسرے شخص کا نام ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

یاد رہے کچھ روز قبل ضلع کیچ کے تحصیل تمپ کے نواحی علاقے گومازی میں فرنٹیئرکور اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے آذانِ فجر کے وقت علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیاتھا ، دورانِ آپریشن فورسز نے 14افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا تھا ۔