انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کی جائے: اختر مینگل

120
File Photo

37 ہزار والی آبادی میں 26 ہزار ووٹ کاسٹ ہوئے، انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کیاجائے: اخترمینگل

(دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک)

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن قائم کیا جائے ۔ 37 ہزار والی آبادی میں 26 ہزار ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں۔چند سیٹوں کیلئے اپنا ایمان داؤ پر نہیں لگائیں گے ۔

ووٹ کسی اور کو ملے اور نتیجہ کسی اور کا بنے ایسا کرنے والے قابل گرفت ہیں۔ ہماری ترجیحات حکومت سازی نہیں بلوچستان کے جملہ مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بلوچستان کے لوگوں نے ہمیں اپنا مینڈیٹ دیا جس کا احترام نہیں کیا گیا۔ پولنگ سے لیکر نتائج کے اعلان تک جو کچھ ہوتا رہا وہ سب کے سامنے ہے۔

عمران خان نے کامیابی پر مبارکباد دی ہے اتحاد کے لوازمات کیا ہونگے اس کا فیصلہ پارٹی کے ادارے کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ساز ی کے عمل میں حصہ لینا پارلیمانی سیاست کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں کا آئینی حق ہے جس میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں ۔