افغانستان : جنوبی علاقوں سے طالبان کے قبضے سے ایرانی اسلحہ برآمد

260

افغان حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی رجیم تحریک طالبان کے جنگجوؤں کو اسلحہ اور جنگی سازو سامان فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

’دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق افغان فوج کے بریگیڈ 215 کے سربراہ ولی محمد احمد زئی نے بتایا کہ پاکستان اور ایران سے متصل ہلمند اور نیمروز میں سرگرم طالبان کے قبضے سے ایرانی اسلحہ قبضے میں لیا گیا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ایران طالبان تحریک کے جنگجوؤں کو اسلحہ اور فنڈز مہیا کررہا ہے تاکہ وہ ملک کے دوسرے علاقوں میں افراتفری پھیلا سکیں۔ جنرل احمد زئی کا کہنا تھا کہ افغان طالبان نے اپنے زیرکنٹرول علاقوں سے باہر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں شروع کردی ہیں۔

ادھر نیمروز صوبے میں متعین بریگیڈ چار کے سربراہ بریگیڈیئر اصحاب الدین روشن نے الزام عائد کیا کہ ایران براہ راست افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران طالبان جنگجوؤں کو اسلحہ، بارودی سرنگیں اور دیگر خطرناک جنگی ہتھیار مہیا کررہا ہے۔ حال ہی میں فوج نے طالبان کے خلاف آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے ایرانی اسلحہ قبضے میں لیا اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ کابل بھجوائی گئی ہے۔