فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں آج کے تین میچوں میں جاپان نے کولمبیا، سینیگال نے پولینڈ اور روس نے مصر کو شکست دے دی۔
روس کے شہر سارانسک میں کھیلے گئے میچ میں کولمبیا کو میچ کے چوتھے ہی منٹ میں اس وقت بڑا نقصان پر ہوا جب جاپان کی گول میں جاتی گیند کو ہاتھ سے روکنے پر ریفری نے سانچیز کو ریڈ کارڈ دکھا کر باہر کردیا۔
اس کے ساتھ ساتھ جاپان کو پینالٹی بھی ملی جس پر کگاوا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
تاہم دوسرے ہاف کے اختتام سے چند منٹ قبل میچ کے 39ویں منٹ میں کولمبیا کے کوئنٹرو نے گول کر کے اسکور برابر کردیا جس کی بدولت ہاف ٹائم تک مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا۔
جب کہ جاپانی کھلاڑی اوساکو نے 73ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
دن کا دوسرا میچ سینیگال اور عالمی رینکنگ میں 8ویں نمبر پر موجود پولینڈ کے درمیان تھا جس میں سینیگال نے فتح حاصل کر کے سب کو حیران کردیا۔
ماسکو میں کھیلے گئے میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنایا اور گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن میچ کے 37ویں منٹ میں سینیگال کی ٹیم اس وقت خوش قسمت ثابت ہوئی جب تھیاگو سیونک نے اپنے ہی گول میں گیند پھینک کر اپنی ٹیم کو خسارے سے دوچار کردیا۔
پہلے ہاف کے اختتام تک سینیگال کو میچ میں 1-0 کی برتری حاصل تھی۔
دوسرا ہاف بھی پولینڈ کے لیے کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا اور میچ کی فیورٹ ٹیم کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب 60ویں منٹ میں دفاعی کھلاڑی کی غلطی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سینیگال کے ایم بائے نیانگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔
جبکہ میچ کے 86ویں منٹ میں کریچووک نے ہیڈر پر خوبصورت گول کر خسارے کو کم کردیا لیکن اس کے بعد کوشش کے باوجود بھی پولینڈ کی ٹیم مقابللہ برابر نہ کر سکی اور سینیگال نے میچ میں 2-1 سے کامیابی حاصل کر کے دن کا دوسرا اپ سیٹ کردیا۔
دن کا تیسرا اور آخری میچ روس بمقابلہ مصر تھا جس میں روس نے دوبارہ شاندار کارکردگی دکھائی اور 1-3 سے مصر کو شکست سے دوچار کیا۔