فٹبال ورلڈ کپ 2018: ژکا اور شکیری کے جشن کے خلاف انکوائری

370

فٹبال کے عالمی ادارے فیفا نے روس میں جاری ورلڈ کپ کے دوران سوئٹزرلینڈ کے دو کھلاڑیوں گرینٹ ژکا اور ژردان شکیری کے گول کرنے کے بعد جشن منانے کے انداز کے متعلق انکوائری شروع کر دی ہے۔

ان دونوں کھلاڑیوں نے گذشتہ روز سربیا کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2018 کے گروپ میچ میں گول کیے تھے اور تقریبا ایک ہی انداز میں جشن منایا تھا۔

شکیری اور ژکا کوسوو کے البانیائی نسل کے ہیں جہاں سربیا نے البانیا کی آبادی کے خلاف سنہ 1999 میں کریک ڈاؤن کیا تھا اور نیٹو کی مداخلت کے بعد ہی اس کا خاتمہ ہو سکا تھا۔

گول کرنے کے بعد انھوں نے اپنے ہاتھوں سے ‘دو سر والے عقاب’ کا نشان بنایا جو کہ البانیہ کے پرچم کا حصہ ہے۔

سربیا کے مداحوں نے ان دونوں کے جشن کا مذاق اڑایا۔

فیفا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ادارے کی ڈسپلنیری کمیٹی نے ژکا اور شکیری کے خلاف انکوائری کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس نے یہ بھی کہا کہ ‘اسی میچ کے سلسلے میں سربیئن فٹبال ایسوسی ایشن کے خلاف بھی انکوائری شروع کی گئی ہے جس میں بھیڑ نے خلل پیدا کیا اور سربیائی مداحوں نے سیاسی اور توہین آمیز پیغامات کا مظاہرہ کیا۔’

اس کے علاوہ سربیا کی قومی ٹیم کے کوچ ملاڈن کرسٹیجک کے خلاف میچ کے بعد ان کے مبینہ بیان کے تعلق سے بھی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واضح نہیں کہ کرسٹیجک کے خلاف کس قسم کی تحقیقات ہو رہی ہے لیکن سنیچر کو سربیا کے نامہ نگاروں کے سوال کے جواب میں انھوں نے میچ ریفری فیلکس برائچ کے بارے میں کہا تھا: ‘میں اسے نہ زرد کارڈ اور نہ سرخ کارڈ دوں گا میں انھیں براہ راست ہیگ بھیج دوں گا۔ اس کے بعد وہی ان کی سماعت کریں گے جیسا کہ انھوں نے ہمارے ساتھ کیا تھا۔’

بہر حال سوئٹزرلینڈ نے یہ میچ ایک گول کے مقابلے دو گول سے جیت لیا۔

بوسنیا میں پیدا ہونے والے سوئٹزرلینڈ کے کوچ ولادیمیر پٹکووچ سے جب جشن کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا: ‘آپ کو فٹبال میں سیاست کبھی نہیں ملانی چاہیے۔ مداح ہونا اہم ہے اور اس کے ساتھ عزت دینا بھی۔’

ژکا کے والد کو یوگوسلاویہ میں سیاسی قیدی کے طور پر ساڑھے تین سال گزارنے پڑے تھے جبکہ شکیری یوگوسلاویہ میں پیدا ہوئے اور بچپن میں ہی سوئٹزرلینڈ منتقل ہو گئے۔

شکیری کے بوٹ پر کوسوو کے پرچم دیکھے جا سکتے تھے جسے انھوں نے اپنے بوٹ کے ساتھ سل رکھا تھا۔

انھوں نے اپنے جشن کے بارے میں کہا: ‘یہ صرف جذباتی تھا۔ میں اپنے گول پر بہت خوش ہوں۔ یہ اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ میرے خیال سے اب ہمیں اس بارے میں مزید کچھ نہیں بولنا چاہیے