پریانکا چوپڑاکی روہنگیا مہاجرین سے ملاقات

238

 بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے گذشتہ روز بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا پناہ گزین سے ملاقات کی اوران کے ساتھ وقت گزارا۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا 2016 سے بین الاقوامی ادارے یونیسیف کی سفیر ہیں اور وہ گذ شتہ روزیونیسیف کی ٹیم کے ساتھ بنگلہ دیش میں مقیم مظلوم روہنگیا مسلمان مہاجرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بنگلہ دیش پہنچیں جہاں انہوں نے نہ صرف پناہ گزینوں کے ساتھ ملاقات کی بلکہ ان کے ساتھ گھل مل بھی گئیں۔

روہنگیا پناہ گزینوں کے ساتھ ملاقات کی تصاویر پریانکا نےاپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیں اور جذباتی پیغام لکھتے ہوئے اطلاع دی کہ وہ اس وقت بنگلہ دیش کے کوکس بازار میں موجود ہیں جو دنیا کے سب سے بڑے مہاجرین کیمپوں میں سےایک ہے، 2017 کےوسط میں دنیا نے میانمار (برما)کی دل دہلادینے والی تصاویر دیکھیں۔

اس ظلم کے بعد تقریباً 7 لاکھ روہنگیا سے تعلق رکھنے والےافراد نے بنگلہ دیش ہجرت کی جن میں 60 فیصد بچے شامل ہیں۔ یہاں پر بہت ساری خواتین مہینے گزرجانے کے باوجود اب بھی کمزور ہیں جب کہ بہت سارے لوگ مختصر کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں اور انہیں یہ بھی نہیں معلوم کہ انہیں اگلی غذا کب ملے گی۔ یہاں موجود لوگ جیسے ہی محفوظ تصور کرنے لگتے ہیں مون سون کا موسم آجاتا ہے ان کی بنائی ہوئی دنیا کو تباہ کرنے کیلئے۔ یہاں بچوں کی ایک پوری نسل موجود ہے جن کا کوئی مستقبل نہیں، ان کی مسکراہٹ میں ان کی آنکھوں کا خالی پن دیکھا جا سکتا ہے۔ ان بچوں کو ہماری توجہ، ہمدردی اور مدد کی ضرورت ہے۔ دنیا کو چاہئیے کہ ان کی مدد کرے یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔